پچھلے صفحے پر جائیں

صفحہ احباب کو بھیجیں

زیست ہے یوسفِ کنعاں کی کہانی کی طرح حادثے سر سے گزرتے رہے پانی کی طرح دم لیا ڈال کے اک کِشورِثانی کی طرح دن پھرے اپنے زلیخا کی جوانی کی طرح روزِ ہجرت ہی سے جب سر پہ کفن رکھتے تھے ہم بھی کیا یاد کرینگے کہ وطن رکھتے تھے آئو آج اہلِ وطن ہی سے ملاقات کریں عہدِ رفتہ کے نشیمن کی کوئی بات کریں قصرِ بوسیدہ کے گنبد پہ مناجات کریں صبح سے شام کریں، شام سے پھر رات کریں اسی گلشن کی رگِ جاں میں نمو رکھتے ہیں خار بھی ہیں تو بہاروں کا لہو رکھتے ہیں

divider

اسی گلشن کا میں اک بلبل آوارہ ہوں بیقراری مری فطرت ہے کہ میں پارہ ہوں بخدا اخترؔ ثابت نہیں ، سیارہ ہوں انقلابوں کو بھلاتا ہوں وہ گہوارہ ہوں عہدِ ماضی کی فضائوں کا اہم ساز ہوں میں کون سمجھے گا مجھے دور کی آواز ہوں میں ہائے جس دن سے لب گنگ و جمن کو چھوڑا مغربی ہوگئے، مشرق کے چلن کو چھوڑا صدق نے دل کو، لباسوں نے بدن کو چھوڑا رِم آہو ہے، غزالوں نے ختن کو چھوڑا لوگ کہتے ہیں بڑے صاحبِ ایمان ہیں ہم ہم کو اس میں بھی شبہ ہے کہ مسلمان ہیں ہم

divider

یارب ہم دیر نشینوں کو مسلماں کردے علم و ایمان کی دولت کو فراواں کردے دیپ عصمت کے جلا، دل میں چراغاں کردے ذرے کو تاب عطا کر، مہہ تاباں کردے یہ گداگر بھی تو ہے، ہاشمی و مطلبی المدد سید مکی،مدنی العربی۔۔۔ ہم وطن چھوڑ آئے ہیں، محمدؐ کی قسم بت کدے توڑتے آئے، محمدؐ کی قسم شر سے منہ موڑتے آئے ہیں، محمدؐ کی قسم خم کے خم پھوڑتے آئے ہیں، محمدؐ کی قسم ہم نے طوفانوں سے لڑنے کو سفینہ چھوڑا حق پہ آنچ آگئی جس وقت، مدینہ چھوڑا

divider

خوش ہوا پیاسا ذبح کر کے بہتر کو یزید زید و یحیٰ بھی ہوئے حق کی حمایت میں شہید ہوئے گمنام عدو، پھیل گئی نسلِ سعید روس و افریقہ، امریکہ و دنیائے بعید حکم دریا پہ سمندر پہ جہاں بانی ہے زید کی آل پہ پانی کی فراوانی ہے بےنشاں ہوگئے شاہان و سلاطینِ سلف ہوئے احرام فراعین تباہی کے ہدف کنجِ تاریک میں گم ہیں، نہ قرنا، ہے نہ دف ہاں مگر کرب و بلا، سامرہ و طوس و نجف ان کی ظلمت سے ملاقات نہیں ہوتی ہے یہ وہ خطے ہیں جہاں رات نہیں ہوتی ہے

divider

ساری دنیا کے مسلمان، پر ستارِ حرم پوپ آف روم پہ ہے حضرتِ عیسیٰ کا کرم چین و جاپان پہ لہراتا ہے گوتم کا علم خطۂ ہند میں ہے رام کا سیتا کا دھرم کہدو قوموں سے ہماری نہ تمہاری دینا چند روحوں کی حکومت میں ہے ساری دنیا اور ان سب کا اشارہ ہے کہ معبود ہے ایک انس وجن، حور و ملک سب ہی کا مسجود ایک رنگ ہر دُر کا جدا ہے، دُرِ مقصود ہے ایک غیر محدود خلا، مرکز محدود ہے ایک جائو مسجد کی کلیسا کی کہ مندر کی طرف سارے دریائوں کا رخ ایک سمندر کی طرف

divider

اس سمندر میں جو طوفاں ہو، قیامت آجائے نوع انسان تو کیا دہر کی شامت آجائے کوئی ہو زد میں نبوت کہ امامت آجائے شرط بس ایک ہے، وہ یہ کہ ضمانت آجائے ضامن ایسا کہ مشیت سے خود آگاہ تو ہو دستِ قدرت کو جو رو کے وہ ید اللہ تو ہو بس وہ ایک مردِ مجاہد ہے، حسین ابن علی نام تاریخوں میں ہے جس کا بہ الفاظِ جلی حق کے محبوب کا فرزند، ولی ابن علی خاک پا جس کی فرشتوں نے جبینوں پہ ملی کفر کو سر پہ کفن باندھ کے ٹوکا جس نے خون کی دھار سے طوفان کو روکا جس نے

divider

وہی قائد ہے جو یہ درسِ عمل دیتا ہے ضبط وہ شے ہے کہ قوت کو کچل دیتا ہے ہار کو جیت کے سانچے میں بدل دیتا ہے جبر سے چھین کے مجبور کو پھل دیتا ہے ضبط غم پھول سمجھ لیتا جو انگاروں کو بیکسی موم بنادیتی ہے تلواروں کو کلمہ گوئی تو ہے فرض مسلماں کے لئے شرط تقویٰ کی مگر سخت ہے انساں کے لئے لاکھوں لے آتے ہیں ایماں، حذرِ ضاں کےلئے جان لاکھوں میں کوئی دیتا ہے ایماں کے لئے سونے چاندی سے تو قرآن یہاں لکھتے ہیں خون سے کلمۂ توحید کہاں لکھتے ہیں

divider

کربلا حریتِ فکر کا پہلا منشور مر کے جینے کا دیا جس نے کہ قوموں کو شعور انقلابِ فرانس و امریکہ میں یہ نور تاجِ برطانیہ خم حضرت گاندھی کے حضور حق و انصاف کا چھٹرتا ہو کسی ملک میں ساز کان سنتے ہیں حسین ابن علی کی آواز اسی آواز نے انسان کا بدلاہے مزاج گرے مزدور کی ٹھوکر میں سلاطین کے تاج آج بچوں کی کہانی میں شہنشاہوں کے راج نہ روایات کہن اور نہ بوسیدہ سماج یہ وہ ماضی ہے کہ جو حال ہے، آئندہ ہے کربلا تین زمانوں کی نمائندہ ہے

divider

کربلا ملک نہیں، قوم نہیں شہر نہیں کربلا قہر سے بنتی ہے مگر قہر نہیں کربلا فرقہ پرستی کی کوئی لہر نہیں علقمہ چشمۂ عرفاں ہے فقط نہر نہیں کربلا دہر کے ہر دین کا سرتاج ہوئی عرش والوں کو اسی فرش پہ معراج ہوئی کل مذاہب جہاں ملتے ہیں وہ منزل ہے یہی رگِ ایماں میں لہو جس کا ہے وہ دل ہے یہی لاکھ مذہب ہیں مگر مذہب کامل ہے یہی جس پہ طوفان ٹہرتے ہیں وہ ساحل ہے یہی جملہ اقوام کی وحدت کا شارہ ہے حسینؑ عظمتِ حضرتِ آدم کا منارہ ہے حسینؑ

divider

امتیں ہیں، تو علامات اُمم بھی باقی دہر باقی ہے تو اس دہر کے غم بھی باقی کربلا آج بھی باقی ہے، ستم بھی باقی مگر عباسؑ بھی باقی ہیں، علم بھی باقی شمر باجوں پہ عمر سعد کے سر دھنتے ہیں لوگ پھر بھی علی اکبر کی اذاں سنتے ہیں ایک ہے ایک زمانے میں فقط ایک مثال راستہ بال سے باریک کہ چلنا بھی محال گامزن اس پہ ہیں سب پیرو جوان و اطفال حق کی راہوں میں نہ دن ہے، نہ مہینہ ہے نہ سال مسلم اور ان کے پسر؟ ہائے محرم تو نہ تھا وقت یہ بھی مگر عاشور سے کچھ کم تو نہ تھا

divider

قافلے سے تھے الگ جان بچاسکتے تھے خود کو اور اپنے عزائم کو چھپا سکتے تھے وقت کے ساز سے یہ ساز ملا سکتے تھے کوہِ ایمان تھے جنبش میں کب آسکتے تھے کوفے میں معرکۂ کرب و بلا ہو جیسے یوں لڑے سامنے آنکھوں کے خدا ہو جیسے صف میں پیروں کے تھے، پیغام نبوت کے نقیب بو تمامہ سے جری، سعد، زہیر اور حبیب ایسی پیری کسے ملتی ہے،یہ پیری کے نصیب مثلِ پروانہ گرے شمع امامت کے قریب ضعفِ پیری سے بظاہر وہ کماں لگتے تھے ڈاب سے تیغ جو کھینچیں تو جواں لگتے تھے

divider

ہونگے ماموم نہ ایسے نہ کوئی ایسا امام سرِ میدان کیا جھک کے فرشتوں نے سلام زعفر جن کے حواری بھی تھے موجود تمام اور تو اور شجاعت میں فرید ایسے غلام کہ عمر سعد سے تحریرِ غلامی لے لی حاکمِ وقت کی فوجوں سے سلامی لے لی ظہر کے وقت وہ اصحابِ حسینی کی نماز مسجد و مندر و گرجا کی عبادت کو ہے ناز رو بقبلہ تھے امام، آگے تھے دو قبلہ نواز سوئے محمود جو تیر آتے تھے کھاتے تھے ایاز جو عبادت کی سپر ہو اُسے کیا کہتے ہیں ہم نگہبانِ امامت کو خدا کہتے ہیں

divider

مائیں بچوں کو سجاتی تھیں شہادت کے لئے لخت دل نذر تھے اسلام کی حُرمت کے لئے ماتم و گریہ تھا موقوف قیامت کے لئے لاشیں آئیں درِ خیمہ پہ جو رخصت کے لئے نوچ کر سینوں کو خود لختِ جگر پھینک دیئے اک نظر دیکھ کے میدان میں سر پھینک دیئے مائیں نو تھیں کہ جو لوہے کا جگر رکھتی تھیں اپنی آغوش میں وہ رشکِ قمر رکھتی تھیں آہ میں روزِ قیامت کا اثر رکھتی تھیں ہاں! مشیت کے تقاضوں پہ نظر رکھتی تھیں بڑے طوفانوں میں خیمے کا سفینہ آیا نو دفعہ مادرِ گیتی کو پسینہ آیا

divider

اپنے بچوں کی وغا دیکھ رہی تھیں زینب جسم نیزوں سے چھدا دیکھ رہی تھیں زینب عون گھوڑے سے گرا، دیکھ رہی تھیں زینب سر محمد کا کٹا، دیکھ رہی تھیں زینب رہ گئیں جھوٹی اذانوں کی صدائیں باقی اب وہ فرزند ہی باقی نہ وہ مائیں باقی کیوں تعجب ہے تجھے معترضِ تنگ نظر اس سن و سال میںکیونکہ لڑے زینب کے پسر فوجیں ٹکرئیں درِ کوفہ سے پسپا ہو کر کلِ ایمان کے فرزند تھے، ہے تجھ کو خبر وہ جو چاہے، صِفتِ عقدہ کشائی دیدیے یہ بھی ممکن ہے کہ بندے کو خدائی دیدے

divider

جذب تنکے کو بھی تلوار بنا سکتا ہے جوش کیسی کے پہاڑوں کو ہلا سکتا ہے عشق فولاد کو پنجے میں گلا سکتا ہے عزم طوفانوں کو چٹکی میں اڑا سکتا ہے کُلِ ایمان کی ہیئت ہی جدا ہوتی ہے روح بالیدہ اگار ہو، تو خدا ہوتی ہے تیغ جب کھینچی، تو ہر صف میں صفایا دیکھا اشقیا گتھ گئے اپنا نہ پرایا دیکھا صبر پر آئے تو تلوار نے سایا دیکھا غیب سے جو بھی مشیت نے دکھایا دیکھا یہ ظفر کی جو دعا کرتے ظفر ہو جاتی فوج سو لاکھ بھی ہوتی تو صفر ہوجاتی

divider

لاکھوں ارزاق ہیں، زمانے میں اور ارزاق کے پسر ہاں مبارزطلبی کرتے ہیں، وہ بائی شر امت احمدِ مرسل کو تباہی کا ہے ڈر کوئی قاسم سرِ میدان دکھائے جوہر کون ساحل سفینے کو سلامت لائے اُم فروہ ترا پہ فرزند! کہاں سے لائے کون قاسم، حق و باطل کو جو تقسیم کرے سب برات آئے تو دولہا کی وہ تعظیم کرے وہ عروسی جسے حق عرش پہ تسلیم کرے مہر میں اسکو عطا کوثر و تسنیم کرے مہندی ایسی تھی کہ منہ خون سے سب نے دھوئے سوئی امت کو جگایا، تو براتی سوئے

divider

ظاہرا اکبر غازی کے سناں دل میں لگی در حقیقت وہ سناں سینۂ قاتل میں لگی شعلہ اٹھتا تھا جہاں آگ اسی منزل میں لگی حشر تک بجھ نہ سکے گی، سرِ باطل میں لگی کربلا ہی کے موذن سے جہاں باقی ہے دہر میں کچھ بھی نہ ہو رسمِ اذاں باقی ہے چپ ہے تاریخ، نہ دیکھی نہ سنی یہ پیکار ادھر عباس اکیلے تھے ادھر چار ہزار سر اڑاتے ہوئے جب نہر میں ڈالارہوار گھاٹ پر لاشوں کے تھے ڈھیر بھگوڑوں میں پکار منوں وزنی تھے جویل، ہوگئے ماشہ دیکھو آگ پانی میں لگی ہے، یہ تماشہ دیکھو

divider

پانی پی سکتے تھے عباس، مگر صبر کیا پانی چلو میں لیا، آہ بھری، پھینک دیا وہ تو انسان تھے، رہوار نے مانی نہ پیا مر کے یوں جیتے ہیں، جس طرح کے عباس جیا جتنی قوموں میں بھی حق گئی کا دم ہوتا ہے اُن میں عباسِ علی ہی کا علم ہوتا ہے دل کو جو فتح کرے، فاتح اعظم ہے وہی سمت منزل کی جو دئے، قبلۂ عالم ہے وہی تا ابد سر پہ جو اڑتا رہے، پرچم ہے وہی روح ہو جس کی امر، روحِ مجسم ہے وہی لاش عباس کی مقتل سے اٹھائی نہ گئی حشر تک شیر کے قبضے سے ترائی نہ گئی

divider

نہیں تاریخ میں عالم کی کوئی ایسی نظیر سرِ میدانِ جہاد آیا ہو ششماہہ صغیر بے زباں، خستہ جگر، پیاس سے بے جاں بے شیر تھا گلستانِ شہادت کا مگر عطرِ عطیر وار خاموشی کا، تلوار سے کاری نکلا کم سنی میں بھی ، وہ دو لاکھ پہ بھاری نکلا منقلب ہاتھوں پہ یہ بے شیر لہوتا بہ رکاب خونِ اصغر سے کیا ریش مبارک کو خضاب فکر لاحق تھی کہ کیا ہوگا جو پوچھیں گی رباب چلے دو گام تو دو لمحہ ٹہرتے تھے جناب ننھا لاشۂ، عجب انداز تھا، جب لائے حسین چھ دفعہ جا کے درِ خیمہ پہ لوٹ آئے حسین

divider

ثبت ہے صفحۂ ہستی پہ دوام شبیر ذکرِ تخلیق کا عنوان ہے نامِ شبیر زینتِ قصۂ آدم ہے مقامِ شبیر باعث، صبح ازل بن گئی، شامِ شبیر نوحہ گر چیختا پھرتا ہے، کہاں ہیں شبیر بڑھ کے ہر قوم یہ کہتی ہے یہاں ہیں شبیر جو تھے بس ماندہ و مجبور انہیں قدرت بخشی پست ذرٗات کو سورج کی حرارت بخشی قہر دیکھا کیا مقہور کو عزت بخشی کیا طاقت کو خجل، ضعف کو طاقت بخشی سرِ نمرود پئے ردِ بلا کاٹ دیا خون کی دھار سے خنجر کا گلا کاٹ دیا چھ دفعہ جا کے درِ خیمہ پہ لوٹ آئے حسین